19 مارچ 2013 - 20:30

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں متحدہ مجلس مشاورت کی کال پر وادی کی سب سے بڑی دانشگاہ جامعہ کشمیر سمیت کئی تعلیمی اداروں میں طلبہ نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کے باقیات کی واپسی کا پر زور مطالبہ کیا ۔

ابنا: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں وادی کشمیر کی سب سے بڑی دانشگاہ جامعہ کشمیر میں منگل کو متحدہ مجلس مشاورت کی کال پر زیر تعلیم طلبہ نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلبہ نے احتجاجی ریلی نکال کر افضل گورو کے باقیات کی واپسی کا پرزور مطالبہ کیا۔  احتجاجی طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پیلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور محمد افضل گورو کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ طلبہ نے محمد افضل گورو کی تصاویر بھی اپنے ہاتھوں میں اُٹھا رکھی تھی۔ طلبہ نے احتجاج کے دوران یہ مطالبہ کیا کہ 1984میں تہاڑ جیل میں پھانسی کے بعد دفن کئے گئے لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ اور 9فروری 2013کو اسی جیل پھانسی دینے کے بعد دفن کیے گئے محمد افضل گورو کے باقیات کو لواحقین کے سپر د کیا جائے۔طلبہ نے کئی گھنٹوں تک اپنا احتجاج جاری رکھا اور متحدہ مجلس مشاور  کی کال پر اپنا مظاہرہ درج کرایا۔ یونیور سٹی میں احتجاج کر رہے طلبہ سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران حریت (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم جاری رکھیں اور رواں جدوجہد میں بھی اسی طرح اپنا کلیدی رول ادا کریں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242